کرتار پور راہداری منصوبہ افتتاح کے قریب


نارووال: پاکستان اور بھارت کے درمیان کرتار پور راہداری منصوبے پر کام مکمل ہوگیا اور اس کا افتتاح اس مہینے کے دوسرے ہفتے میں کیا جائیگا۔

ناروال ضلع کی تحصیل شکرگڑھ سے چند فرلانگ پر واقع  پاکستان انڈیا زیرو پوائنٹ پر تعمیر ٹرمینل پر پاکستانی پرچم لہرا دیا گیا ہے۔

افتتاح سے قبل انڈین سکھ یاتریوں کو ٹرمینل سے کرتارپور گردوارہ تک لانے اور واپس لیجانے کے لیے بسیں بھی پہنچادی گئیں ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کرتارپور راہداری منصوبہ مکمل ہونے پر تمام مشینری ہٹا دی گئی ہے۔

کرتارپور راہداری منصوبہ اور توسیع گردوارہ منصوبہ پر فنشگ کا کام بھی مکمل ہوگیا ہے۔ منصوبہ پر کام کرنے والے کاریگراور مزدور کام سے فارغ ہوکرگھروں کو روانہ ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق افتتاح سے قبل کرتارپور میں سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ کرتارپور راہداری کا باقاعدہ افتتاح 9 نومبر کو کیا جائیگا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے بابا گرونانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا

یاد رہے کہ  پاکستان کی تحصیل شکر گڑھ میں واقع کرتار پور وہ جگہ ہے جہاں سکھ مذہب کے بانی اور پہلے گرو نانک دیو جی نے اپنی زندگی کے آخری ایام گزارے تھے۔

بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کشیدہ ہونے کے باوجود پاکستان نے کارتار پور منصوبے پر کام جاری رکھا اور کام مکمل کردیا۔


متعلقہ خبریں