حکومت کے خاتمے تک واپس نہیں جائیں گے، مولانا فضل الرحمان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے خاتمے تک واپس نہ جانے کا اعلان کر دیا۔

جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وفاقی دارالحکومت میں جلسے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈی چوک ہماری منزل نہیں ہے ہم حکومت گرا کر خود انتظام سنبھالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی رٹ ختم ہو چکی ہے اور اب یہ ہمارے ہاتھ میں ہے۔ موجودہ حکمران ملک کے لیے رسک بن چکے ہیں۔ کرسی پر بیٹھنے سے کوئی حکمران نہیں بن جاتا۔

سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ حکومت حزب اختلاف کے صبر کا مزید امتحان نہ لے اور وزیر اعظم عمران خان فوراً مستعفیٰ ہو جائیں۔ حکومت اپنا معاہدہ توڑ چکی ہے اور ہم ابھی تک معاہدے پر قائم ہیں۔ 126 دن کا دھرنا ہمارے لیے کوئی آئیڈیل نہیں ہمارا احتجاج ایک تحریک ہے۔

انہوں نے کہا کہ افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں کہ حزب اختلاف میں دراڑ ہے لیکن رہبر کمیٹی کے اجلاس نے یکجہتی کا پیغام دیا۔ رہبر کمیٹی نے کہا ہے کہ ڈی چوک جانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ حکومت نے ہر طرف کنٹینر لگا رکھے ہیں ہمیں بتائیں کہ مذاکرات کے لیے راستہ کہاں سے کھلا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بھارت نے پہلے ہمت نہیں کی لیکن موجودہ حکومت کے دور میں کشمیر بھی ہم سے چھین لیا گیا۔ ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے کشمیر کے مسئلے پر کسی نے پاکستان کی حمایت نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے اپنی آئینی حیثیت ثابت کرے پھر آئین کی بالادستی کی بات کریں۔ تحریک جہد مسلسل کا نام ہے اور ناجائز حکومت کا تختہ الٹنے تک جدوجہد جاری رہے گی۔


متعلقہ خبریں