پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا، پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بغیر نتیجے کے ختم

پہلا ٹی ٹوئنٹی، میچ ایک مرتبہ پھر بارش باعث روک دیا گیا

سڈنی: پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم کر دیا گیا۔

سڈنی میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔

بارش سے متاثرہ میچ میں گرین شرٹس نے کپتان بابر اعظم کی نصف سینچری کی بدولت 15 اوورز میں 107 رنزبنائے۔

بارش کے باعث میچ کو 15،15 اوورز تک محدود کر دیا گیا اور  ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت قومی ٹیم نے آسٹریلیا کو 119 رنز کا ہدف دیا۔

سلامی بلے باز فخر زمان کی ناقص فارم کا تسلسل جاری ہے اور وہ اپنی اننگز کی پہلی گیند پر اسٹارک کی باہر جاتی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔

اس دوران بابر کا ساتھ دینے تجربہ کار بلے باز حارث سہیل کریز پر آئے تاہم ان کی اننگز کا دورانیہ بھی چند گیندوں پر مشتمل رہا اور وہ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

محمد رضوان نے ابتدائی دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد ٹیم کو سنبھالا دیا تاہم وہ بھی 31 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابر اعظم 59 اور محمد رضوان 31 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے اسٹارک اور ریچرڈسن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا کی اننگز

پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 119 رنز ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جانب سے کپتان ایرون فنچ اور خطرناک بلے باز ڈیوڈ وارنر بلے بازی کے لئے آئے۔

دونوں بلے بازوں نے اپنی اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور محض تین اوورز میں 41 رنز اسکوربنا ڈالے کہ اس دوران بارش کی وجہ سے میچ کو روکنا پڑا۔

بعد ازاں مسلسل بارش کے باعث انتظامیہ نے میچ کی منسوخی کا اعلان کر دیا۔

ٹیمیں

قومی ٹیم میں کپتان بابر اعظم، فخر زمان، حارث سہیل، محمد رضوان، آصف علی، افتخار احمد، عماد وسیم، وہاب ریاض، شاداب خان، محمد عامر اور محمد عرفان شامل تھے۔

آسٹریلیا کی ٹیم کپتان ایرون فنچ، ڈیوڈ وارنر، اسمتھ، میکڈرموتھ، ٹرنر، کیری، ریچرڈسن، ایشٹن ایگر، ریمپا، کمننز اور مچل اسٹارک شامل تھے۔


متعلقہ خبریں