اسلام آباد انتظامیہ کا ریڈ زون سیل کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے آزادی مارچ کے شرکاء کی ڈی چوک کی جانب ممکنہ پیش قدمی کو روکنے کے لیے اسلام آباد انتظامیہ نے ریڈ زون سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ہم نیوز کے مطابق سیرینہ چوک کو کنٹینر لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت کی حفاظت کے لیے پہلے لیول پر پولیس، دوسرے لیول پر رینجرز اور حساس مقامات کی حفاظت کے  لئے پاک فوج  کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

یہ فیصلہ 30 اکتوبر کو اسلام آباد میں وزارت داخلہ کے ایک اہم اجلاس میں لیا گیا تھا۔

اجلاس میں جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان  کےآزادی مارچ سے متعلق معا ملات  زیر غور لائے گئے اوراس کےحوالے سے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا گیا-

اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ  حکومت معاہد ے کی پاسداری کرنے والوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔

معاہدے کی پاسداری نہ ہونے کی صورت میں پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے آئی جی اسلام آباد اور رینجرز کے حکام کی بریفنگ بھی ہوئی۔

اسلام آباد پہنچنے کے بعد جلسے سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم عمران خان کو استعفیٰ دینے کے لیے دو روز کی مہلت دی ہے جو آج ختم ہوجائے گی۔


متعلقہ خبریں