پنجاب میں پٹواری کے عہدے کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ

وقار النسا کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دے دیا گیا

فوٹو: فائل


لاہور: حکومت پنجاب نے صوبے میں پٹواری کا کے عہدے کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا اور اب یہ ویلج آفیسر کہلائے گا۔

لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس کے دوران محکمہ مال کی کارکردگی اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سے متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔

تفصیلات کے مابق ویلج آفیسر کو 14واں اسکیل ملے گا جبکہ اس کی بھرتی پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ہوگی۔

فیصلے کے مطابق بھرتی کے بعد 6 ماہ کی تربیت لازم ہوگی جبکہ وزیراعلیٰ نے ویلج آفیسر کو لیپ ٹاپ بھی دینے کی منظوری دے دی۔

حاضر سروس پٹواریوں کو 11واں اسکیل اور گردآور کو 14واں اسکیل دینے کی تجویز دی گئی ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے اسٹاف کی ترقی کیلئے سروس سٹرکچر بنایا جائے گا جبکہ لاہور کی ایک تحصیل کو ریونیو کے حوالے سے ماڈل تحصیل بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

عثمان بزدار نے ہدایت دی ہے کہ کمشنر لاہور ڈویژن ایک ماڈل تحصیل بنانے کیلئے فوری اقدامات کریں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں 115 اراضی سینٹرز کے قیام کو دسمبر تک مکمل کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ریونیو کے معاملات میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے انقلابی اقدامات کررہی ہے اور لینڈ ریکارڈ سینٹرز پر ادائیگی کیلئے بینک کا کاؤنٹر بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق بینک کاؤنٹر کے قیام سے شہریوں کو لینڈ ریکارڈ سینٹر کے بار بار چکر لگانے کی زحمت سے چھٹکارا ملے گا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ شہریوں کو اراضی کی دستاویزات کے حصول میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، رشوت لینے والے افسروں اوراہلکاروں کی جگہ جیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں کسی صورت شہریوں سے پیسے لینے کے حوالے سے شکایت برداشت نہیں کروں گا۔

اجلاس کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ کو تحصیل دار اور لینڈ ریکارڈ آفیسر کو نائب تحصیلدار کے عہدوں میں بدلنے کی تجویز دی گئی۔

سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء میاں اسلم اقبال، ملک محمد انور، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔


متعلقہ خبریں