اسپتال میں 13واں روز، نواز شریف کی طبیعت تاحال ناساز

فوٹو: فائل


لاہور: سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ نواز کے قائد میاں نواز شریف کو سروسز اسپتال میں داخل ہوئے 13 روز بیت چکے ہیں تاہم طبیعت ابھی بھی ناساز ہے۔

ہم نیوز کے مطابق میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی اسٹیرائیڈز کی ڈوز میں بتدریج کمی لانا شروع کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق متعدد ادویات اور انجیکشنز کے استعمال کے باوجود بھی نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد میں اتار چڑھاؤ کا  سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

آخری سی بی سی ٹیسٹ رپورٹ میں قائد مسلم لیگ ن کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 38 ہزار آئی جو معمول سے پانچ گنا کم ہے۔

سابق وزیر اعظم کے دوبارہ سی بی سی ٹیسٹ کے لیئے خون کے نمونے بھی حاصل کیئے گئے ہیں۔ میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز نے دیگر ڈاکٹرز کے ہمراہ نواز شریف کا مکمل چیک اپ کیا۔

نواز شریف کا نہار منہ بلڈ شوگر لیول 230 سے زائد آیا جس کو کنٹرول کرنے کے لیے ان سولین کی مقدار بڑھائی گئی ہے۔

ڈاکٹروں نے اسٹیرائیڈز کی ڈوز کم کرنے کے علاوہ دل کے عارضہ کی ادویات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں