مولانا فضل الرحمان ابھی تک اپنے معاہدے پر قائم ہیں، چیئرمین سینیٹ


اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان ابھی تک اپنے معاہدے پر قائم ہیں صبر و تحمل کے ساتھ ان سے مذاکرات کرنے چاہیئیں۔

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) سے مذاکرات کرنے والی حکومتی کمیٹی کا اجلاس وزیر دفاع پرویز خٹک کی زیر صدارت ہوا۔

ذرائع کے مطابق حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے اجلاس کی چیرمین سیںٹ صادق سنجرانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سنجیدگی سے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مذاکرات کر کے مسئلے کا حل نکالنا چاہیے اور ہمیں بات چیت کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ابھی تک اپنے معاہدہ پر قاہم ہیں تو ہمیں بات کرنی چاہیے اور ہمیں صبر و تحمل سے کام لینا چاہیے۔

وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ ہم مذاکرات کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ اجلاس کے دوران موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور کور کمیٹی فیصلوں کی روشنی میں لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ حزب اختلاف کی پریس کانفرنس کا جائزہ بھی لیا گیا اور ان سے رابطوں کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی گئی۔

مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں آزادی مارچ جمعرات کو اسلام آباد پہنچا۔ ایک روز بعد جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے وزیراعظم عمران خان کو استعفیٰ دینے کے لیے دو روز کی مہلت دی تھی جو آج ختم ہورہی ہے۔

آج سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں عمران خان کا کہنا ہے کہ یہ لوگ میرے منہ سے تین الفاظ یعنی این آر او سننا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم نے حزب اختلاف کا نام لیے بغیر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جب تک میں زندہ ہوں این آر او نہیں دوں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب تک ان کو ذمہ دار نہ ٹھہرایا جائے، ملک ترقی کی راہ پر نہیں آسکتا۔


متعلقہ خبریں