پیپلز پارٹی کا جے یو آئی (ف) کے ممکنہ دھرنے میں شرکت نہ کرنے کا اعلان


اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے اسلام آباد میں ممکنہ دھرنے میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کردیا۔

بہاول پور میں میڈیا سے گفتگو میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پہلے دن سے ہی ہمارا مؤقف تھا کہ ہم دھرنے میں شرکت نہیں کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی نے پہلے دن سے مارچ اور جلسے کی حمایت کی تاہم مطالبات ایک ہونے کے باوجود دھرنے میں شرکت نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی (ف) کے سربراہ فضل الرحمان نے نہیں کہا کہ وہ جا کر وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کریں گے، انہوں نے کہا تھا کہ لاکھوں لوگوں کا جذبہ ہے وہ وزیراعظم کو پکڑ سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کسی اور کی خواہش پر بنی جو عوام کا خیال رکھنے کے بجائے کسی اور کام میں لگی ہوئی۔

کچھ روز قبل تیز گام ایکسپریس سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی۔

اس موقع پر انہوں نے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں سب سے زیادہ حادثات ہوئے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ تیزگام کی تحقیقات ہونی چاہیے، امید ہے وفاقی اور صوبائی حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ’سلیکٹڈ‘ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوتی جارہی ہے، افسوس سانحہ تیزگام کے لواحقین کے ساتھ مناسب رویہ روا نہیں رکھا گیا۔


متعلقہ خبریں