پاکستان نے بھارت کے جاری کردہ نئے نقشوں کو مسترد کر دیا

پاکستان نے بھارت کے جاری کردہ نئے نقشوں کو مسترد کر دیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستان نے سیاسی مقاصد کے تحت بھارت کے جاری کردہ نئے نقشوں کو مسترد کر دیا جن میں جموں و کشمیر کو بھارتی علاقہ قرار دیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ نے 2 نومبر کو نئے نقشے جاری کیے اور ان نقشوں میں خطہ جمو‌ں و کشمیر کو بھارتی علاقہ قرار دیا جو گمراہ کن ہے۔ نقشے میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کو بھارت کا حصہ دکھانے کو بھی مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا نقشے کا اجراء غلط، غیر قانونی اور حقائق مسخ کرنے کی مذموم کوشش ہے۔ بھارتی اقدام بلاجواز ہے اور ایسے غیر قانونی اقدام کی کوئی حیثیت نہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے ایک بار پھر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی کی اور پاکستان اقوام متحدہ کے نقشوں سے عدم مطابقت والے بھارتی نقشوں کو مسترد کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا کوئی قدم جموں و کشمیر کی اقوام متحدہ میں تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو ختم نہیں کر سکتا اور بھارتی حکومتی اقدامات مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کا حق خودارادیت سلب نہیں کر سکتے۔

یہ بھی پڑھیں وزیراعظم کی کرتارپور راہداری منصوبہ پورا کرنے پر حکومت کو مبارکباد

پاکستان نے بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت استصواب رائے کرایا جائے۔


متعلقہ خبریں