پی آئی اے عملے سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد


کراچی: فرانسیسی حکام نے پی آئی اے کے فضائی میزبان سے کروڑوں روپے کی ہیروئن برآمد کر کے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قومی ائیرلائن پی کے 749 اسلام آباد سے پیرس پہنچی تھی۔ فضائی میزبان تنویر گلزار سے پیرس میں کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئین برآمد ہوئی۔  تاہم ہیروئن کی مقدار کتنی ہے اس کے بارے میں ابھی فرانسیسی حکام نے کچھ نہیں بتایا ہے۔

قومی ائیرلائن ترجمان کے مطابق واقعے کے بعد تنویر گلزار کو معطل کردیا گیا ہے اور الزامات ثابت ہونے پر انہیں نوکری سے بھی نکال دیا جائے گا۔

مشہود تاجور کا کہنا تھا کہ طیاروں اور اس میں سوار عملے کی تلاشی کی ذمہ داری ائیرلائن کی نہیں ہوتی۔ سخت سیکیورٹی میں طیارے تک منشیات پہنچ جانا حیران کن بات ہے۔

ترجمان کے مطابق تنویر گلزار نے منشیات اپنے کپڑوں کی خفیہ جیب میں چھپائی ہوئی تھی۔

فضائی میزبان سے منشیات برآمد ہونے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کے میزبان بیرون ملک میں بدنامی کا باعث بنتے رہے ہیں۔

معاملات سے آگاہ حلقوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات پہلے سے بحران کا شکار قومی ائیرلائن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں۔

گزشتہ سال 15 مئی کو بھی لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے پر قومی ائیرلائن کی اسلام آباد سے آنے والی پرواز پی کے 785 سے ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔

مئی 2017 میں ہی پی آئی اے کی اسلام آباد سے لندن جانے والی پرواز سے 20 کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔ جس پر کیٹرنگ عملے کے پانچ افراد کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔ منشیات کیٹرنگ کیبن کے اندرونی حصوں میں چھپائی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں