اصل اپوزیشن لیڈر مولانا فضل الرحمان ہیں، چوہدری شجاعت حسین

فوٹو: فائل


لاہور: مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ اصل اپوزیشن لیڈر مولانا فضل الرحمان ہیں شہباز شریف حادثاتی طور پر اپوزیشن لیڈر بن گئے۔

مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے میلہ لوٹ لیا ہے۔

انہوں نے مولانا فضل الرحمان سے کہا کہ حزب اختلاف کی دونوں بڑی جماعتوں نے آپ کو اپنا لیڈر تسلیم کر لیا ہے لیکن آپ کی بات سے فوج کے خلاف جو تاثر گیا وہ غلط ہے اسے مٹانے کی کوشش کریں۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ شہباز شریف کا دھرنے میں کوئی کردار نہیں ان کی حیثیت تو ”جمعہ جنج نال“ والی ہے، وہ تو حادثاتی اور واقعاتی طور پر اپوزیشن لیڈر بن گئے۔ اب اصل اپوزیشن لیڈر تو مولانا فضل الرحمن ہیں جنہوں نے دونوں بڑی جماعتوں کو اپنے پیچھے لگا لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن مفاہمت سے معاملات حل کرنے کی کوشش کریں وہ اس کی اہلیت رکھتے ہیں۔ آپ ایسے باپ (مولانا مفتی محمود) کے بیٹے ہیں جو سیاسی شعور رکھتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں ہم استعفیٰ سے متعلق بات سننے کو تیار نہیں، جہانگیر ترین

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ آپ کے والد محترم ہمیشہ ملکی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے افہام و تفہیم سے معاملات کے حل پر یقین رکھتے تھے۔


متعلقہ خبریں