فیصلوں کا اختیار مولانا فضل الرحمان کو مل گیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے ارکان نے فیصلوں کا اختیار مولانا فضل الرحمان کو دے دیا۔

مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت ہونے والے طویل اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ ذرائع کے مطابق جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے رہبر کمیٹی کے فیصلوں اور تجاویز پر عدم اطمینان کا اظہار کر دیا۔

کنوینر رہبر کمیٹی اکرم خان درانی کو مولانا فضل الرحمان سمیت کئی ارکان کے سامنے طویل وضاحتیں دینا پڑ گئیں۔

مولانا فضل الرحمان نے رہبر کمیٹی کے کنوینر اکرم درانی سے گلہ کرتے ہوئے کہا کہ رہبر کمیٹی نے یہ کس قسم کی تجاویز مرتب کی ہیں ؟ مولانا فضل الرحمن نے اکرم خان درانی کو فوری طور پر آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا انتظام کرنے کی ہدایت کر دی۔

مولانا فضل الرحمن نے تمام حزب اختلاف کی جماعتوں سے حتمی مشاورت کرنے کا بھی فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ جو جماعتیں ڈی چوک پر دھرنے کے مخالف ہیں وہ کھل کر قوم کو آگاہ کر دیں۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی کا جے یو آئی (ف) کے ممکنہ دھرنے میں شرکت نہ کرنے کا اعلان

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آزادی مارچ جمعیت علماء اسلام ف کا ہے جو ساتھ دے گا ٹھیک ورنہ ہم اپنا لائحہ عمل منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔


متعلقہ خبریں