مولانا فضل الرحمان نے بہترین اداکاری کا مظاہرہ کیا، فردوس عاشق اعوان


اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے بہترین اداکاری کا مظاہرہ کیا۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے اسلام آباد میں تھیٹر چل رہا ہے، مولانا فضل الرحمان نے بہترین اداکاری کی۔ کچھ لوگ مذہب کا لبادہ اوڑھ کر اسلام آباد آئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے جمہوری روایات کے مطابق مارچ کی اجازت دی، جو حکومت کی رٹ کو چیلنج کرنے آ رہا تھا ہم نے اسے آئین کے مطابق اسلام آباد آنے دیا لیکن خود کو عالم دین کہنے والا الزام تراشی اور بہتان لگا رہا ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مارچ کے شرکا کا کوئی خاص ایجنڈا نہیں ہے، مارچ کے شرکا سے تو بچوں کے جھولے بھی محفوظ نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ریاست مدینہ کے اصولوں کو پڑھا ہے لیکن مولانا فضل الرحمان نے مذہب کا کارڈ استعمال کیا ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعظم ن بہتان لگانے والے کے ساتھ مذاکرات کے لیے کمیٹی بنائی۔ اسلام یہ اجازت  نہیں دیتا کہ کسی پر الزام تراشی کی جائے۔ مذہب کے تقدس کو سیاست میں نہ لایا جائے تو اچھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں ہم پیچھے نہیں آگے جائیں گے، ابھی پلان بی اور سی باقی ہے، فضل الرحمان

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے کھلونا نہ بننے کا درست فیصلہ کیا۔ سیاسی جماعتوں میں مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہوتے اور اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے لیکن ہمارے اقلیت اکثریت کی آواز ڈنڈے کے زور پر دبانا چاہتی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا اداروں کو متنازعہ بنانے کی سازش بند کر دیں اور ہماری مذاکرات کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

 


متعلقہ خبریں