پنجاب پولیس ایک بار پھر ‘بدلنے’ کو تیار

پنجاب پولیس ایک بار پھر 'بدلنے' کو تیار | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی پولیس خود کو بدلنے کے لئے موجودہ یونیفارم سے جان چھڑانے کو آمادہ ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ‘نئی تبدیلی’ کے لئے پنجاب پولیس پانچ مختلف اقسام کے یونیفارمز پر غور کر رہی ہے۔

پنجاب پولیس کی نئی یونیفارم کے لئے نو مارچ کو پیش کردہ تجاویز - فوٹو ہم نیوز
پنجاب پولیس کی نئی یونیفارم کے لئے نو مارچ کو پیش کردہ تجاویز – فوٹو ہم نیوز

موجودہ یونیفارم کی تبدیلی کے وقت مختلف الزامات کا نشانہ بننے والی پنجاب پولیس نے نئے یونیفارم کے لئے پانچ تجاویز تیار کی ہیں۔

ہم نیوز کو پنجاب پولیس کی نئی یونیفارم کے حوالے سے دستیاب نمونہ جات میں سابقہ یونیفارم سمیت دیگر رنگ شامل ہیں۔

نئے یونیفارم کی ترجیحات میں پانچویں نمبر پر سرسوں جیسے رنگ والی شرٹ اور اولیو گرین پینٹ کو رکھا گیا ہے۔ چوتھے نمبر پر نیوی بلیو رنگ جب کہ تیسرے نمبر پر گرے رنگ کی وردی پر غور کیا جا رہا ہے۔

پنجاب پولیس کا موجودہ یونیفارم - فائل فوٹو ہم نیوز
پنجاب پولیس کا موجودہ یونیفارم – فائل فوٹو ہم نیوز

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس جیسا یونیفارم تجاویز میں دوسرے نمبر پر ہے جب کہ خاکی پینٹ اور کالی شرٹ پر مبنی پرانا یونیفارم ترجیح میں پہلا رکھا گیا ہے۔

وردی کا ڈیزائن اور رنگ طے پا جانے کے بعد پنجاب پولیس حکومت کو رپورٹ پیش کرے گی، جہاں معاملے پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

خدمت اور حفاظت کا نصب العین رکھنے والی پنجاب پولیس صوبے کے 8 کروڑ 18 لاکھ سے زائد مکینوں کو خدمات فراہم کرتی ہے۔ دو ہزار 151 سے زائد خواتین اہلکار رکھنے والی پنجاب پولیس کی کل تعداد ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد بتائی جاتی ہے۔


متعلقہ خبریں