آزادی مارچ: چوہدری برادران مفاہمت کیلئے متحرک


لاہور: حکومت اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان مفاہمت کرانے مسلم لیگ ق کا تین رکنی وفد چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں ملاقات کیلئے لاہور سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگیا ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ ق لیگی رہنماؤں کی مولانا سے ملاقات کا مقام طے نہیں پایا۔

ذرائع نے چوہدری برادران کے حوالے سے بتایا کہ برف بگھل چکی ہے اور مثبت نتائج کی امید ہے۔

دوسری جانب مولانا فضل الرحمان نے رہبر کمیٹی کا اجلاس طلب کر رکھا ہے تاہم اس میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف شرکت نہیں کریں گے۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف کمر میں تکلیف اور پارٹی مصروفیات کے باعث اے پی سی میں نہیں آئیں گے اور ن لیگ کی نمائندگی سردار ایاز صادق اور ڈاکٹر عباد کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اے پی سی میں آزادی مارچ اور آئندہ کی حکمت عملی پر حتمی مشاورت کی جائے گی جبکہ مطالبات کی منظوری اور اپوزیشن جماعتوں کے مؤقف پر فیصلہ کن لائحہ عمل پر غور ہوگا۔

گزشتہ روز  بلاول بھٹو زرداری نے جے یو آئی (ف) کے ممکنہ دھرنے میں میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

بعدازاں آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مسئلہ ایک شخص کے استعفیٰ کا نہیں قوم کی امانت کا ہے، ہم پیچھے نہیں آگے جائیں گے اور ابھی پلان بی اور سی باقی ہیں۔


متعلقہ خبریں