جے یو آئی کا ممکنہ دھرنا، ن لیگ کا فریق نہ بننے کا فیصلہ


لاہور: پاکستان مسلم لیگ نواز کی قیادت نے جمعیت علمائے اسلام کے ممکنہ دھرنے میں فریق نہ بننے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ن لیگ کے اہم اجلاس کی اندرونی کہانی ہم نیوز نے پتہ لگالی ہے جس کے مطابق پارٹی آزادی مارچ کی مکمل حمایت کرے گی لیکن دھرنے میں شریک نہیں ہوگی۔

ذرائع نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان نے سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے قائد نواز شریف کی ہدایات کو بھی نظر انداز کیا۔

ان کے مطابق نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو آزادی مارچ تحریک کی صورت میں چلانے کا مشورہ دیا تھا اور اپنے خط میں واضح کہا تھا کہ حکومت کے خلاف تحریک لمبے عرصے تک چلائی جائے۔

ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کے خط میں دھرنے کا کہیں ذکر نہیں تھا۔ ن لیگ اے پی سی میں دھرنا چھوڑ کر ملک گیر احتجاج کی تجویز پیش کرے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ن لیگ کے مشاورتی اجلاس میں مڈٹرم الیکشن، ان ہاؤس تبدیلی، وزیر اعظم کے استعفے سمیت مختلف امور زیر غور آئے۔


متعلقہ خبریں