نیب کا مریم نواز کی ضمانت چیلنج کرنے کا امکان

فائل فوٹو


لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ نواز کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی ضمانت منظور ہونے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ نیب لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرے گا۔

ان کے مطابق نیب نے ہائی کورٹ میں مریم نواز شریف کی ضمانت کی مخالفت کی ہے اور اس حوالے سے فیصلہ اعلیٰ حکام سے مشاورت کے بعد کچھ دیر میں متوقع ہے۔

اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ نے مریم نواز کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ان کی ضمانت منظور کرلی۔

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے 24 صفحات پر مشتمل فیصلے میں مریم نواز کو ایک ایک کروڑ کے دو ضمانتی مچلکے ، 7 کروڑ روپے بطور زر ضمانت اور اپنا پاسپورٹ رجسٹرار ہائیکورٹ کے پاس جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ نیب کی جانب سے مریم نواز کے فرار ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تاہم عدالت نے ان کے خاتون ہونے کی استدعا پر ضمانت منظور کرنے سے اتفاق کیا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ معاشرے میں بدعنوانی پھیلی ہوئی ہے جس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔

 


متعلقہ خبریں