ہر قسم کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے تیار ہیں، آرمی چیف

فوٹو: فائل


راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افواج پاکستان ہر قسم کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے تیار ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 226 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ جس میں قومی سلامتی اور جیو اسٹریٹیجک حالات کا جائزہ لیا گیا۔ فورم نے داخلی سلامتی، مشرقی سرحد، لائن آف کنٹرول(ایل او سی) مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کی بہتر امن و استحکام کی صورتحال قوم، قومی اداروں اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں کی مرہونِ منت ہے۔ کسی بھی مذموم مقصد کے لیے ان قربانیوں کے ثمرات کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

انہوں ںے کہا کہ پاکستانی فوج ملکی اداروں کی مدد کے لیے آئین اور قانون کے تحت تمام تفویض کردہ فرائض انجام دیتی رہے گی۔ افواجِ پاکستان ہر قسم کے چیلنجز بشمول مشرقی سرحد اور ایل او سی سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں بھارتی آرمی چیف نے اپنی فوج کو روگ آرمی بنا لیا، خطے کا امن داؤ پر لگارہے ہیں

آرمی چیف نے کہا کہ اہم قومی معاملات پر تمام اسٹیک ہولڈرز کی مسلسل ہم آہنگی دشمن قوتوں کو شکست دینے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

کورکمانڈر نے تمام خطرات کے خلاف ملک کا دفاع کرنے کا عزم کیا۔


متعلقہ خبریں