پیپلزپارٹی ہر میدان میں  کٹھ پُتلی وزیراعظم کا مقابلہ کرتی رہے گی، بلاول بھٹو


پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین  بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ موجودہ حکومت میڈیا کی آواز دباکر سلیکٹڈ میڈیا بنانے کی کوشش کررہی ہے تاکہ عوام کے حقیقی مسائل پر بات نہ ہو۔ پیپلزپارٹی ہر میدان میں  کٹھ پُتلی وزیراعظم کا مقابلہ کرتی رہے گی۔

جنوبی پنجاب کے ضلع بہاولپور کے علاقہ اوچ شریف میں عوامی اجتماع سے خطاب میں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ آپ خود اندازہ کریں یہ کس قسم کا آزاد میڈیا ہے جس میں بھارتی پائیلٹ کا انٹرویو اور دہشتگردوں کا انٹرویو تو چل سکتاہے مگر سابق صدر آصف علی زرداری ، مولانافضل الرحمان اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی گفتگو نہیں چل سکتی ، یہ سلیکٹڈ میڈیا ہے ۔

بلاول بھٹو نےپاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہر سیاسی مخالف کو گرفتار کیا ،سابق وزیراعظم نواز شریف کو گرفتار کیا،  انکی بیٹی کو گرفتار کیا گیا۔ سابق صدر زرداری کو گرفتار کیا گیاہے جنہوں نے کوئی جرم بھی نہیں کیا ہے ۔ آصف زرداری کو جیل میں سہولیات بھی نہیں دی جارہی ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم عوام کے حقوق کی بات اور ان کے ہر حق کا تحفظ کرتے رہیں گے۔ جب سے یہ سلیکٹڈ حکومت آئی ہے آپ کے جمہوری حقوق پر حملے ہوئے ہیں ۔ آپ کے حقوق غصب کیے جارہے ہیں۔ عوام کی آواز دبانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اب تو وفاقی کابینہ میں بھی یہی بات ہوتی ہے ۔ آج پورے ملک نے مان لیا ہے کہ ہمارا وزیراعظم منتخب نہیں سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی وزیراعظم ہے ۔

چیئرمین  پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ کاروباری طبقے کے پیچھے نیب کو لگادیاگیاہے۔ کسانوں اور مزدوروں کے حقوق غصب کئے جارہے ہیں۔ اساتذہ اور ڈاکٹرز سڑکوں پر ہیں ۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اسٹاک ایکسچینج ، شوگر ملزمافیا کے لئے اربوں روپے کے پیکج کا اعلان کیا ۔ مزدوروں، کسانوں اور ورکنگ کلاس کے لئے کون سا پیکج متعارف کرایا گیاہے؟

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غیور عوام نے ہمیشہ ایسی حکومت کو منتخب کیا جو عوامی حکومت ہوتی ہے عوامی مسائل حل کرتی ہے۔ پیپلزپارٹی جب آتی ہے تو روزگار لاتی ہے نوجوانوں کو نوکریاں دیتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے آتے ہی انقلابی اقدامات کیے تھے ، پارٹی خود حکومت نہیں دے سکتی تھی تو انہوں نے پاسپورٹ بناکر نوجوانوں کو روزگار کے لئے باہر بھجوایا یہ سب ریکارڈ کی باتیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: مذہب کارڈ کا استعمال کسی صورت نہیں ہونے دیں گے، بلاول بھٹوزرداری

چیئرمین پیپلزپارٹی نے  کہا کہ ہم عوامی حکومت بنا کر رہیں گے اور عوام کے معاشی ،سیاسی اور ثقافتی حقوق بحال کرا کر دم لیں گے۔ پیپلزپارٹی کٹھ پُتلی وزیراعظم کا مقابلہ کرتی رہے گی۔


متعلقہ خبریں