پنجاب کے اسکولوں میں بچوں سے ڈانس کروانے پر پابندی عائد

غیر اخلاقی ڈانس پر 18 اساتذہ معطل

فوٹو: فائل


لاہور: پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بچوں سے ڈانس نہ کروانے کے متعلق والدین کے دیرینہ مطالبہ کو مان کر احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن نے سرکاری و نجی سکولوں میں منعقد کی جانے والی تقریب تقسیم انعامات، پیرنٹس ڈے، ٹیچرز ڈے، مینا بازار اور دیگر تمام تقریبات میں بچوں سے ڈانس کرانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

ایجوکیشن اتھارٹی کے سربراہ زاہد بشیر گورائیہ کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم کو بچوں سے پاکستانی اور انڈین گانوں پر ڈانس کرانے کی شکایات موصول ہوئی تھیں، جس کے بعد یہ پابندی عائد کی گئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق محکمہ تعلیم کے مطابق پنجاب بھر کے ڈپٹی ڈی ای اوز اپنے علاقے میں واقع اسکولوں میں احکامات پر عمل درآمد کرائیں گے۔

محکمہ تعلیم کی ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

زاہد بشیر کا کہنا تھا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر کے سرکاری اور پرائیوٹ اسکولوں میں ثقافت اور مذہب سے ہٹ کر کوئی کام نہ کیا جائے۔ بچوں سے غیر اخلاقی ڈانس کرانے والے اسکولوں کا لائسنس بھی معطل کر دیا جائے گا۔

محکمہ تعلیم پنجاب کو والدین کی جانب سے یہ شکایات موصول ہوئی تھیں کہ تعلیمی ادارے کم عمر بچوں کو مختلف تقریبات میں ڈانس کرواتے ہیں۔بنیادی اخلاقیات اور اقدار کے خلاف اس عمل کو روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں