’حزبِ اختلاف اور حکومت میں کوئی ڈیڈ لاک نہیں‘

چودھری برادران کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات شروع

اسلام آباد: حکومت اور حزبِ اختلاف کے درمیان مفاہمت کرانے کے لیے چودھری برادران نے سربراہ جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کی چودھری برادران سے اہم ملاقات

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ معاملات کو جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس وقت حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ جتنی جلدی معاملات حل ہو جائیں اتنا ہی سب کے لئے اچھا ہے اور اگر نیت ٹھیک ہو تو چیزیں زیادہ جلدی ٹھیک ہو جاتی ہیں۔

ہم نیوز نے ذمہ دار ذرائع سے بتایا ہے کہ چودھری برادران کی عمران خان سے آج صبح گیارہ بجے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات ہوگی جس میں وہ امیر جے یو آئی سے ہونے والی بات چیت سے آگاہ کریں گے اوراپنی سیاسی بصیرت کے مطابق مفاہمتی راستہ تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔

سابق وزیراعظم اور ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین جب مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر پہنچے تو ذرائع ابلاغ نے ان سے دریافت کیا کہ کیا دھرنا ختم ہو جائے گا؟

چودھری شجاعت حسین نے اس پر کہا کہ ذرا سا صبر کریں، پہلے مولانا سے بات تو کرنے دیں اس کے بعد کچھ بتائیں گے۔

ایک سوال پراسپیکر قومی پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے بتایا کہ مفاہمت کرانے کے لیے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مفاہمت جب ہوتی ہے تو سب ٹھیک ہو جاتا ہے۔

سیاسی بریک تھرو: چودھری برادران کا میاں برادران سے رابطہ

ذرائع ابلاغ کے سوال پر چودھری پرویز الٰہی نے واضح کیا کہ ابھی وزیراعظم عمران خان سے بات نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل حکومتی کمیٹی کی بھی وزیراعظم سے ملاقات ہوگی۔

ایک سوال پر ق لیگ کے مرکزی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات کل صبح گیارہ بجے ہوگی۔

دلچسپ امر ہے کہ چودھری برادران کی ق لیگ اس وقت پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی اتحادی ہے لیکن گزشتہ دنوں چودھری برادران کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوچکی ہے جب کہ ان کی میاں شہباز شریف سے بھی ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں