وزیراعظم کی مذاکراتی ٹیم سے ملاقات، آزادی مارچ سے متعلق امور پر غور

فائل فوٹو


اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے آزادی مارچ کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کی حکومتی مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات ہوئی۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ ملاقات کے دوران کمیٹی نے عمران خان کو رہبر کمیٹی سے ملاقات کے بارے میں آگاہ کیا۔

وزیراعظم سے رہنمائی لے کر حکومتی مذاکراتی کمیٹی آج سہ پہر 3 بجے رہبر کمیٹی سے دوبارہ ملاقات کرے گی جس کے دوران حزب اختلاف کے مطالبات پر بات ہوگی۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات سے متعلق آگاہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم آفس کی بجائے وزیراعظم ہاؤس میں ہو گا۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی وزیراعظم سے ملاقات کے باعث کابینہ اجلاس آدھا گھنٹہ آگے کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز ذرائع نے بتایا تھا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کا دھرنا ’کچھ دو اور کچھ لو‘ کی بنیادوں پر ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

یہ فیصلہ کل ہونے والی کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) میں کیا گیا۔ ذرئع کے مطابق اجلاس کے دوران حکومت کے ساتھ مذاکرات کے دور شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دھرنے کو ایک سے دو روز میں ختم کیے جانے کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جے یو آئی (ف) نے اپنے 15 اراکین قومی اسمبلی سے استعفے طلب کر لیے ہیں جو قیادت کے پاس رہیں گے اور مناسب وقت پر ان کا استعمال کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں