روئی کی قیمت 9 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

روئی کی قیمت 9 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان میں رواں سال کپاس کی مجموعی پیداورا میں کمی کے سبب روئی کی قیمت میں تیزی کا رحجان دیکھا جا رہا ہے۔

عمدہ ترین (پریمئم کوالٹی) کی روئی کی قیمتیں 200 روپے فی من اضافے کے ساتھ پچھلے 9 سال کی نئی بلند ترین سطح 10 ہزار روپے فی من تک پہنچ گئی ہے۔

ریگولر(عام) روئی کی قیمت 100 روپے فی من اضافے کے ساتھ 9 ہزار 700 روپے فی من ہو گئی ہے۔

چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق کے مطابق برآمدات میں اضافے اور درآمدی روئی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں روئی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان سامنے آیا ہے اور آئندہ چند روز میں قیمتیں مزید اوپر جا سکتی ہیں۔

خیال رہے کہ رواں برس پاکستان بالخصوص زیریں سندھ کے علاقوں میں شدید گرمی پڑنے کے سبب کپاس کی ایک تہائی فصل خراب ہوگئی تھی۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تحفظ خوراک اینڈ ریسرچ کو بتایا گیا تھا کہ مالی سال 2019۔20 کے دوران کپاس کی ڈیڑھ کروڑ کی بجائے ایک کروڑ گانٹھوں کی پیداوار متوقع ہے۔

چیرمین کمیٹی نے کہا اس سال موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث کپاس کی فصل تباہ ہو گئی ہے۔


متعلقہ خبریں