آزادی مارچ میں شریک شہری چل بسا


اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے آزادی مارچ میں شریک شہری چل بسا۔

ترجمان پمز کے مطابق آزادی مارچ میں شریک لاڑکانہ کا رہائشی عبدالکریم دل کا دورہ پڑنے سے جان کی بازی ہار گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ دھرنے میں شریک 55 سالہ عبدالکریم کو دھرنے کے شرکاء پمز اسپتال لائے تھے تاہم جب انہیں لایا گیا تو وہ جان کی بازی ہار چکے تھے۔

مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں آزادی مارچ 31 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچا تھا جس کے بعد سے اس کے شرکاء وفاقی دارالحکومت ہی میں موجود ہیں۔

گزشتہ روز ذرائع نے بتایا تھا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کا دھرنا ’کچھ دو اور کچھ لو‘ کی بنیادوں پر ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

یہ فیصلہ کل ہونے والی کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) میں کیا گیا۔ ذرئع کے مطابق اجلاس کے دوران حکومت کے ساتھ مذاکرات کے دور شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دھرنے کو ایک سے دو روز میں ختم کیے جانے کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جے یو آئی (ف) نے اپنے 15 اراکین قومی اسمبلی سے استعفے طلب کر لیے ہیں جو قیادت کے پاس رہیں گے اور مناسب وقت پر ان کا استعمال کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں