پیپلزپارٹی کے سابق سینیٹر کے صاحبزادے کو پی ٹی آئی کا ٹکٹ مل گیا


پشاور: خیبرپختونخوا  سے پیپلزپارٹی کے مستعفی سینیٹر خانزادہ خان کی خالی نشست پر ان کے صاحبزادے ذیشان خانزادہ نے پاکستان تحریک انصاف کا ٹکٹ حاصل کر لیا ہے۔

ذیشان خانزادہ نے چار دن پہلے پاکستان پیپلزپارٹی کو چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔

بیٹے کی پی ٹی آئی میں شمولیت پرخانزادہ خان اپنی نشست سے مستعفی ہو گئے تھے۔ ان کا کہنا ہے وہ اب عملی سیاست سے کنارہ کش ہوگئے ہیں۔ تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ پیپلز پارٹی کے رکن رہیں گے۔

سابق سینیٹر خانزادہ خان کا کہنا  ہے کہ ان کا بیٹا اب عملی سیاست کرے گا،اپنے فیصلوں میں وہ آزاد ہے۔

یاد رہے کہ ذیشان خان سینئر صوبائی وزیر عاطف خان کے کزن ہیں اور انہوں نے عمران خان سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

خانزادہ خان مارچ 2015 میں 6 سال کی مدت کیلئے سینیٹر منتخب ہوئے تھے تاہم پارٹی قیادت اوران کے درمیان اختلافات تھے جس کی بنا پر انہوں نے مدت پوری ہونے سے پہلے ہی استعفیٰ دے دیا تھا۔

 

 


متعلقہ خبریں