ملک میں انصاف کا نظام ظالم کا ساتھ دیتا ہے، بلاول



ملتان: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ملک میں انصاف کا نظام ظالم کا ساتھ دیتا ہے۔

ہائیکورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج 2019 میں ہم انصاف ، جمہوریت اور عدلیہ کے لئے سوچ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وکلا اور بہادر ججز نے جمہوریت کے لئے مقابلہ کیا، پیپلز پارٹی عدلیہ کا احترام کرتی ہے۔ وکلاء اور بہادر ججز نے انصاف کی بالادستی کے لئے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالا۔

بلاول نے کہا کہ میری والدہ نے عدلیہ کی بحالی کے لئے تحریک چلائی، عوامی حقوق کی خاطر محترمہ بے نظیر بھٹو نے جان دی، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو انصاف نہ ملا تو عام آدمی کو کیسے مل سکتا ہے، عام آدمی کا عدلیہ سے اعتبار اٹھ چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں نیب کے ذریعے جمہوری قیادت کو نشانہ بنایا جارہا، آمر کے بنائے گئے نیب نے انصاف کا مذاق بنا رکھا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اج تک ادارے ایک بھی کیس زرداری پر ثابت نہ کرسکے، کیسز دوسرے صوبوں کے ہیں اور ٹرائل راولپنڈی میں ہورہا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا ذوالفقار علی بھٹو ، شہید بی بی کو راولپنڈی میں شہید کیا گیا اور اج پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف کیسز بھی پنڈی میں چلائے جا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں