کابل: پاکستانی سفارتخانے کا قونصلر سیکشن دوبارہ کھل گیا

کابل: پاکستانی سفارتخانے کا قونصلر سیکشن دوبارہ کھل گیا

فائل فوٹو


کابل/ اسلام آباد: افغانستان کے دارالحکومت میں قائم پاکستانی سفارتخانے کا قونصلر سیکشن ایمرجنسی سروسز کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔

پاکستانی سفارتخانے کے مطابق طبی بنیادوں پر ویزا اپلائی کرنے والوں  کے لئے ویزوں کا اجرا جاری رہے گا جب کہ دیگر سروسز معطل رہیں گی۔

خیال رہے کہ کابل میں پاکستانی قونصلر سیکشن تین دن سے بند تھا جس کے سبب ویزا سروس معطل تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارتخانہ روزانہ کی بنیاد پر افغانیوں کو بغیر کسی فیس کے تین ہزار ویزے جاری کرتا ہے۔

خیال رہے کہ افغانستان میں موجود پاکستانی سفارت کاروں اور عملے کو مسلسل ہراساں کیے جانے کے بعد چار نومبر کو سفارت خانہ عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا۔

پاکستانی حکام نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ میں طلب کر کے کہا تھا کہ افغان حکام فوری طور پر خلاف ورزیوں کی تحقیقات کریں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔

دفترخارجہ نے سفارت خانے اور افغانستان میں دیگر پاکستانی قونصل خانوں کے سفارتی عملے کی سلامتی اور تحفظ سے متعلق خدشات سے بھی آگاہ کیا تھا۔


متعلقہ خبریں