شہریوں کو اشیائے خوردونوش کی یقینی دستیابی ریاست کی ذمہ داری ہے، وزیراعظم

وزیر اعظم نے اعلیٰ سطح کی نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی سیاحت تشکیل دے دی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ایک اجلاس کے دوران کہا ہے کہ شہریوں کو اشیائے خوردونوش کی یقینی دستیابی ریاست کی ذمہ داری ہے تاکہ کوئی شہری بھوکا نہ سوئے۔

اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں وزیر برائے فوڈ سیکیورٹی صاحبزادہ محبوب سلطان،  وزیر برائے منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیر خوراک پنجاب سمیع اللہ چوہدری، وزیرِ خوراک خیبر پختونخواہ حاجی قلندر خان لودھی، وفاقی سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی ڈاکٹر محمد ہاشم، صوبائی چیف سیکریٹریز و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں ملک بھر میں اشیائے ضروریہ خصوصا ً آٹے، گھی، چینی و دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں کی موجودہ صوتحال اور ان اشیاء کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے اقدامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔

وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کے استعمال میں آنے والی ضروری اشیاء کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے ہر ممکنہ انتظامی و دیگر اقدامات کیے جائیں۔

صوبائی چیف سیکرٹریز کی جانب سے صوبوں میں آٹے کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے وزیرِ اعظم کو بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے پاسکو ذخائر سے  صوبوں کو گندم کی فراہمی سے گندم کی صورتحال تسلی بخش ہے اور ملک کے کسی حصے میں گندم کی قلت کی شکایت نہیں ہے۔

’درست دام‘ کو پنجاب اور خیبرپختونخوا میں رائج کرنے کا فیصلہ 

اجلاس کے دوران  چیف کمشنر اسلام آباد نے مختلف اشیاء کی قیمتوں کے بارے میں عوام کو آگاہی فراہم کرنے، آن لائن آرڈرز اور ان اشیا کی عوام کی دہلیز تک فراہمی کے سلسلے میں بنائی جانے والی اپلیکیشن “درست دام”کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔

وفاقی دارالحکومت میں رائج کیے جانے والے اس نظام کو پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے بڑے شہروں میں رائج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ خیبر پختونخواہ میں ایبٹ آباد، پشاور، مردان اور ڈی آئی خان جبکہ پنجاب میں راولپنڈی، ملتان اور لاہور میں اس نظام کو فوری طور پر متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوری کے تدارک کے لیے انتظامی اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے۔

دوران اجلاس فیصلہ کیا گیا کہ ہر تحصیل میں کاشت کاروں کو حکومت کی جانب سے جگہ مہیا کی جائے گی جہاں وہ بغیر کسی فیس یا اخراجات اپنی اجناس فروخت کر سکیں گے۔

وزیر اعظم نے ہدایت جاری کی کہ صوبائی انتظامیہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف موثر اقدامات کے ساتھ ساتھ ہر ضلع کی شہری اور دیہی تحصیل میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ  کی روزانہ اورہفتہ وار تجزیاتی رپورٹ بھی وزیر اعظم آفس کو بھجوائے تاکہ قیمتوں کی اصل صورتحال پر نظر رکھی جا سکے۔

عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں موسمیاتی اثرات کی وجہ سے اجناس کی دستیابی کا مناسب وقت پر تعین کیے جانے کے احکامات بھی جاری کیے گئے تاکہ اجناس کی قلت نہ پیدا ہو سکے۔

اسمگلنگ میں معاونت کرنے والے سرکاری اہلکاروں کے خلاف سخت ایکشن

عوام تک  صحیح اور مناسب  قیمتوں میں اشیائے ضروریہ کی  فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ملک بھر میں پھیلے یوٹیلیٹی سٹورز کو بھرپور طریقے سے استعمال کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ گندم، آٹے اور فائن میدے کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بارڈر منیجمنٹ کو مزید موثر بنایا جائے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسمگلنگ میں ملوث عناصر اور ان کی معاونت کرنے والے سرکاری اہلکاروں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم عمران خان کو گھی کی قیمتوں کی موجودہ صورتحال اور خاص طور پر ایکسل لوڈ پر عمل درآمد کو موخر کرنے کے حکومتی فیصلے کے بعد گھی کی قیمتوں میں کمی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایکسل لوڈ کو موخر کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد کے بعد گھی کی قیمتوں میں کمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ عوام کے استعمال میں آنے والی  ضروری اشیا کے حوالے سے  موجودہ و مستقبل کی طلب و رسد  کے تخمینوں کے نظام کو ادارہ جاتی بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے فوری طور پر وزارتِ فوڈ سیکیورٹی میں ایک مخصوص سیل تشکیل دیا جائے تاکہ مستقبل میں اس معاملے کے متعلق بر وقت فیصلے کیے جائیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ منڈی اور مارکیٹ میں قیمتوں کے فرق کو کم کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے اور اس فرق کا تدارک کیا جائے۔


متعلقہ خبریں