وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کو شاہد خاقان عباسی کی عیادت کرنے سے روک دیا گیا


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے حکام نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کو سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی عیادت کرنے کی اجازت نہیں دی۔

وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن اسلام آباد کے نجی اسپتال میں زیر اعلاج شاہد خاقان عباسی کی عیادت کرنے گئے تھے لیکن نیب حکام نے انہیں سابق وزیراعظم سے ملاقات کرنے سے روکا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے نیب حکام کے رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف سیاسی انتقام ہے۔ شاہد خاقان عباسی کو صرف میاں محمد نواز شریف سے وفاداری اور محبت کی سزا دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کی دیانت داری، حب الوطنی اور سیاسی خدمات بے مثال ہیں۔

حافظ حفیظ الرحمن کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے ہر پیشی میں کہا کہ نیب حکام جتنا چاہتے ہیں ریمانڈ دیا جائے لیکن ابھی تک ان پر ایک بھی الزام ثابت نہیں ہواا۔

انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی محسن گلگت بلتستان ہیں۔ انہوں نے کانا ڈویثرن سے آزادی دلوادی اور گلگت بلتستان کو ایل پی جی دی۔ شاہد خاقان عباسی کے احسانات ہم نہیں بھول سکتے ہیں۔

وزیر اعلی گلگت بلتستان نے کہا کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی صحت خراب ہے اور ان کا آپریشن ہونے والا ہے، قوم ان کی صحتیابی کے لیے دعا کرے۔


متعلقہ خبریں