اسلام آباد: صحت کے حوالے سے ماڈل سٹی بنے گا


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو وفاقی حکومت نے صحت کے حوالے سے ماڈل سٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بات کا اعلان وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے بورڈ کے چیئرمین  ڈاکٹرسید  فضل ہادی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صحت کی بروقت اورمعیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی پہلی ترجیح ہے، عمران خان

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہیلتھ کیئر اتھارٹی کا قیام خوش آئند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب، سندھ،  بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں بھی ہیلتھ کیئر کمیشن کام کر رہا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپ لوگوں پربڑی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ حکومتی عزائم سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اسلام آباد میں صحت کے شعبے سے وابستہ نجی اور پبلک اداروں کے معیار کو ہر قیمت پر بہتر بنانا چاہتی ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ وفاقی وزارت صحت کا بھرپور تعاون اس ضمن میں آپ کے ساتھ ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ صحت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیوں کے سلسلے کو جاری رہنا چاہیے کہ اسی میں ہماری بہتری ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کیئر اتھارٹی کا قیام بھی دراصل حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا تسلسل ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وفاقی دارالحکومت میں صحت کے حوالے سے بڑے پیمانے پر اصلاحات کی جارہی ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پورے ملک میں پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو مضبوط بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رھے ہیں۔

پی ایم سی کے ذریعے عالمی معیار کے ڈاکٹرز تیار کریں گے، وفاقی مشیر صحت

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ لائی جانے والی اصلاحات کا مقصد یونیورسل ہیلتھ کوریج کو یقینی بنانا ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ تمام بنیادی ہیلتھ سنٹرز کو آپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں