دھرنے سے پاک فوج کا کوئی لینا دینا نہیں، میجر جنرل آصف غفور


اسلام آباد: ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا مارچ سیاسی سرگرمی ہے اس سے پاک فوج کا کوئی لینا دینا نہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی آئی ایس پی آر) میجر جنرل آصف غفور نے ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ فوج صرف حکومت کے احکامات پر عمل کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوج ملکی دفاعی کاموں میں مصروف ہے اور دھرنے میں فوج کا کوئی کردار نہیں ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سینئر سیاستدان ہیں اور وہ پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سے آنے والے سکھ یاتری صرف کرتارپور تک ہی محدود رہیں گے۔ کرتارپور بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے یکطرفہ راستہ ہے اور کرتارپور میں ملکی سیکیورٹی یا خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا تاہم سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد قانون کے مطابق ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں ڈٹے رہے تو اپنے مقاصد میں کامیاب ہو جائیں گے، مولانا فضل الرحمان

ایک سوال کے جواب میں آئی ایس پی آر کے ڈی جی کا کہنا تھا کہ کرتار پور راہداری کے حوالے سے کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا، شناختی دستاویز اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ کرتار پور راہداری سکھ کمیونٹی کے لیے ہے، اسی سیاسی معاملہ نہ بنایا جائے۔

میجر جنرل آصف غفور کا مزید کہنا تھا کہ کرتار پور راہداری کا کشمیر سے لنک نہیں بنتا۔ مسئلہ کشمیر پر کوئی سمجھوتہ کیا اور نہ ہی کبھی ہو گا۔

الیکشن کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر فوج کو الیکشن میں نہیں بلایا جائے گا تو نہیں جائے گی، فوج کی خواہش نہیں کہ الیکشن میں کوئی کردار ادا کرے۔ سیاسی جماعتیں چیف الیکشن کمشنر خود لگاتی ہیں، الیکشن کمیشن کی درخواست پر اپنے فرائض انجام دیئے۔


متعلقہ خبریں