پنجاب اور بالائی علاقوں میں بارش کا امکان

پنجاب اور بالائی علاقوں میں بارش کا امکان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آج  بالائی پنجاب، گلگت بلتستان، کشمیر کے اضلاع اور اسلام آباد میں اکثر مقامات پر بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

جمعرات کے روز وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ ملک کے بالائی علاقوں میں موسلادھار بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیرکے بلند پہاڑوں پر برفباری کابھی امکان ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں آج صبح دوسرے روز بھی سیاہ بادل چھائے رہے اور کچھ علاقوں میں بونداباندی بھی ہوئی۔ شہر کا درجہ حرارت صبح کے وقت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ سندھ اور بلوچستان کے اکثر اضلاع میں موسم خشک رہے گا تاہم ژوب، پشین، چاغی، قلعہ عبد اللہ اور کوئٹہ کے اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔

آج کے پنجاب کے اضلاع راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، نارووال، سیالکوٹ، بھکر، خوشاب، میانوالی، سرگودھا، قصور، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، لاہور، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحبمیں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہو سکتی ہے۔

خیبر پختونخوا(مالاکنڈ، چترال، سوات، بونیر، پشاور، صوابی، ہزارہ، کوہاٹ، بنوں ، خیبر، کرم ) کے چند اضلاع میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ دیگر اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔

گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے اکثر اضلاع میں بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش راولاکوٹ میں 85 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ سردی کالام میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 01 ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں