’چودھری برادران کو نئے انتخابات کرانے کیلیے قائل کر رہے ہیں‘


اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ چودھری برادران کی پاکستانی سیاست میں ایک حیثیت ہے، کوشش ہے کہ ہم انہیں اس بات پر قائل کر سکیں کہ وہ تین ماہ میں نئے انتخابات کرانے کے لئے حکومت کو آمادہ کریں۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں میزبان عادل شاہ زیب کے ساتھ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی کمیٹی انتہائی کمزور ہے جو ہمارے مطالبات اپنی قیادت تک نہیں پہنچا سکتی۔

سربراہ جے یو آئی ف نے واضح کیا کہ یہ ایک طے شدہ عمل ہے جس پر رعایت نہیں دی جا سکتی کہ یہ ایک دھاندلی کی حکومت ہے جسے مزید وقت نہیں دیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ اب تک حکومت کے ساتھ کسی بھی معاملے پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔

واضح رہے جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اعلان کر رکھا ہے کہ وہ حکومت کے خاتمے تک اسلام آباد سے واپس نہیں جائیں گے۔

گزشتہ دن اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ کہ ڈی چوک ہماری منزل نہیں ہے ہم حکومت گرا کر خود انتظام سنبھالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی رٹ ختم ہو چکی ہے اور اب یہ ہمارے ہاتھ میں ہے۔ موجودہ حکمران ملک کے لیے رسک بن چکے ہیں۔ کرسی پر بیٹھنے سے کوئی حکمران نہیں بن جاتا۔

سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ حکومت حزب اختلاف کے صبر کا مزید امتحان نہ لے اور وزیر اعظم عمران خان فوراً مستعفیٰ ہو جائیں۔ حکومت اپنا معاہدہ توڑ چکی ہے اور ہم ابھی تک معاہدے پر قائم ہیں۔ 126 دن کا دھرنا ہمارے لیے کوئی آئیڈیل نہیں ہمارا احتجاج ایک تحریک ہے۔

انہوں نے کہا کہ افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں کہ حزب اختلاف میں دراڑ ہے لیکن رہبر کمیٹی کے اجلاس نے یکجہتی کا پیغام دیا۔ رہبر کمیٹی نے کہا ہے کہ ڈی چوک جانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ حکومت نے ہر طرف کنٹینر لگا رکھے ہیں ہمیں بتائیں کہ مذاکرات کے لیے راستہ کہاں سے کھلا ہے۔


متعلقہ خبریں