نجم سیٹھی نے پاک ویسٹ انڈیز سیریز کراچی میں کرانے کا اعلان کر دیا


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین نجم سیٹھی نے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلی جانے والی ٹی ٹونٹی سیریز کراچی میں کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔

پی سی بی چئیرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹونٹی سیریز کراچی میں کرانے کے لیے ویسٹ انڈیز سے معائدہ ہو گیا ہے۔

چئیرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیموں کے مابین میچز یکم دو اور چار اپریل کو کھیلے جائیں گے۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان کی تصدیق کرتے ہوئے سیریز کے تینوں میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کرانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

تاہم نئے شیڈول کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والی سیریز کراچی میں کھیلی جائے گی۔

چند روز قبل پی سی بی چئیرمین نجم سیٹھی نے  کیریبئین بورڈ کے ساتھ تین میچوں کی سیریز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے کے معاہدے دستخط کیے تھے۔ اس وقت نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ وہ سیریز کے میچز کراچی میں کھیلے جانے کی درخواست کریں گے۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے گزشتہ سال اکتوبر میں دورہ پاکستان کا اعلان کیا تھا جسے بعد ازاں انتظامی وجوہات کی بنا پر منسوخ کردیا گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی دبئی میں پی ایس ایل کے میچز کھیلنے میں مصروف ہیں۔ میگا ایونٹ کا فائنل 25 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم اگلے سال انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ مقابلوں کے کوالیفائینگ میچز کھیلنے میں مصروف ہے۔

 


متعلقہ خبریں