پاکستانی بچے نے ایک منٹ میں ورلڈ ریکارڈ بنا دیا



اسلام آباد: ایماز علی ابڑو نے ایک منٹ میں 57 ممالک کو محض ان کے نقشے سے پہچان کر گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کرا دیا ہے۔

ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے  11 سالہ ایماز کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز اللہ تعالیٰ کے کرم، والدین کی دعاؤں، اساتذہ اور ٹرینرز کی محنت اور اپنی لگن کے باعث حاصل کر سکا۔

ساتویں جماعت کے طالبعلم ایماز نے ورلڈ ریکارڈ کی تیاری کے بارے میں بتایا کہ مجھے ریاضی اور جغرافیہ میں خاص دلچسپی ہے، ٹرینر نے جب میری ان دو مضامین میں دلچسپی دیکھی تو مجھے کہا کہ تم ریکارڈ بنا سکتے ہو سو اس طرح یہ سفر شروع ہوا۔

ایماز نے بتایا کہ ہر ملک کے نقشے کو کسی نہ کسی چیز سے تشبیہ دے کر ذہن نشین کیا، جیسا کہ پاکستان کا ڈائنا سور جیسا، بھارت کا آتش فشاں پہاڑ کی مانند اور ارمانیہ کا گڑیا جیسا۔

ننھے فطین نے بتایا کہ 1 ہفتے میں تمام ممالک کے نام یاد کر لیے تھے، 2 مہینے مقررہ وقت میں ممالک کی شناخت کرنے میں صرف کیے۔

’اگلا ٹارگٹ لوگو کے ذریعے جامعات کو پہچاننے کا ریکارڈ بنانا ہے‘

ایماز کا کہنا تھا کہ گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کرانے پر خاندان اور دوستوں کی طرف سے بہت سے تحائف ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری ’نمبرٹینمنٹ‘ کے نام سے ایک کمپنی ہے جو کہ گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے حوالے سے بتاتی اور سکھاتی ہے۔

ایماز نے بتایا کہ ان کا اگلا ٹارگٹ لوگو کے ذریعے جامعات کو پہچاننے کا ریکارڈ بنانا ہے اس کے علاوہ وہ پاکستان کے لیے نوبل انعام بھی جیتنا چاہتے ہیں۔

اپنی فیملی کے حوالے سے ایماز کا کہنا تھا کہ میرا چھوٹا بھائی بھی اسپورٹس کا ایک ریکارڈ اپنے نام کرنے کے لیے کوشاں ہے اور وہ مل کر ’گینز فیملی‘ بنانا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ ایک منٹ میں زیادہ ممالک کو ان کے نقشے سے پہچاننے کا اعزاز ایماز سے پہلے بھارتی نوجوان کے نام تھا، بھارتی نوجوان نے یہ اعزاز 54 ممالک کو پہچان کر اپنے نام کیا تھا۔


متعلقہ خبریں