نوجوت سنگھ سدھو کا کرتار پور راہداری کی تقریب میں شرکت کا اعلان

نوجوت سنگھ سدھو کا کرتار پور راہداری کی تقریب میں شرکت کا اعلان

فائل فوٹو


اسلام آباد: ممتاز بھارتی سیاسی و سماجی رہنما نوجوت سنگھ سدھو نے 9 نومبر کو کرتار پور میں دنیا کے سب سے بڑے گردوارے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کا اعلان کر دیا ہے۔

سینیٹر فیصل جاوید کے ساتھ ٹیلیفونک رابطے میں سکھ سیاسی رہنما نے بتایا کہ وہ دربار صاحب کے افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے نہایت بے قرار ہیں

ان کا کہنا تھا کہ بابا گرونانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر دربار صاحب کا افتتاح تاریخی موقع ہے اور دنیا بھر میں بسنے والے کروڑوں سکھ اپنی مقدس دھرتی کی زیارت کیلئے بیتاب ہیں۔

نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ وہ اس عنایت پر حکومت پاکستان خصوصاً وزیراعظم عمران خان کے شکرگزار ہیں۔

دوسری جانب پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ سکھ رہنما نوجوت سنگھ سدھو کو ویزہ جاری کر دیا گیا ہے اور وہ پاکستان آئیں گے۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ان کا کہنا تھا کہ باباگرونانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع سکھوں کو دی جانے والی تمام مراعات کے حوالے سے بھارتی حکومت کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ کرتارپور راہداری آنے والے یاتری اسی دن واپس جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مختلف ممالک میں سفارتخانوں نے سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کئے ہیں جن کی تعداد اس وقت تک پانچ ہزار ہے مگر زیادہ لوگ بھی آئیں گے۔

خیال رہے کہ باباگرونانک کی سالگرہ پر پاکستان سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتری کرتار پور پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

پاکستان ریلوے نے سیکھ یاتریوں کے لیے خصوصی ٹرینیں چلانے کا انتظام کیا ہے۔ سکھ اسپشل ٹرین 8 نومبر حیدرآباد سے صبح 9:30 پر ننکانہ صاحب کے لیے روانہ ہوگی۔

گیارہ کوچز پر مشتمل اسپیشل ٹرین میں کل 750مسافروں کی گنجائش ہے۔ ٹرین کے لیے صفائی ستھرائی کے ساتھ سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے ہیں۔ مذکورہ ٹرین ننکانہ صاحب سے 13نومبرکو واپس جائے گی۔


متعلقہ خبریں