فخر عالم نے دنیا کے بعد خلا کا چکر لگانے کا اعلان کر دیا



اسلام آباد: معروف گلوکار، اداکار، اور خود جہاز اڑا کر دنیا کا چکر لگانے والے پہلے پاکستانی فخر عالم نے اب خلا کا چکر لگانے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔

ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فخر عالم نے اعلان کیا کہ مشن پرواز کی تکمیل کے بعد اب خلا کے گرد چکر لگانے کا ارادہ ہے اور دو سالوں کے اندر اس کو عملی جامہ بھی پہنا دوں گا۔

معروف صداکار نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس سفر میں امریکہ، روس یا چین سے تعلق رکھنے والے ہی میرے شراکت دار ہو سکتے ہیں کیونکہ یہی وہ ممالک ہیں جن کے راکٹس کے ساتھ خلا کا چکر لگایا جا سکتا ہے۔ یہ سفر صرف حکومتی سطح پر ہی کیا جا سکتا ہے نجی نہیں۔

خود جہاز اڑا کر دنیا کا چکر لگانے والے پہلے پاکستانی کا کہنا تھا کہ میری پوری کوشش ہو گی کہ خلا میں پاکستان کا جھنڈا لہرانے والا پہلا شہری بن سکوں، اس مشن پر کام بھی شروع کر دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری سے کل ملاقات ہوئی ہے، انہیں مشن پرواز سے متعلق کتاب بھی پیش کی۔

’فواد چوہدری بہت ترقی پسند انسان ہیں‘

فخر عالم نے کہا کہ فواد چوہدری بہت اچھے دوست اور ترقی پسند انسان ہیں۔

مشن پرواز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بطور پاکستانی دنیا کا چکر لگا کر یہ پیغام دینا چاہتا تھا کہ پاکستانی دنیا کی کھوج کی جستو اور لگن رکھنے والے لوگ ہیں۔

معروف گلوکار نے کہا کہ جب کسی ملک کے ایئرپورٹ پر اترتا تھا تو لوگ حیرت سے پوچھتے تھے کہ اچھا آپ کا تعلق پاکستان سے ہے، ان کا خیال تھا کہ پاکستانی ایسے کام کر ہی نہیں سکتے۔

فخر عالم نے کہا کہ مشن پرواز کے ذریعے اپنے ملک کے والدین، بچوں اور جوانوں کو یہ پیغام پہچانا بھی تھا کہ عظمت خواب دیکھنے اور ان کی تکمیل کی جستجو سے ہی ملتی ہے۔ ہمارے ملک میں اکثر بچوں کو خواب دیکھنے سے ڈرایا جاتا ہے اور نوکریوں کو مدِنظر رکھ کے تعلیم دی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بہت غلط طریقہ کار ہے، بچوں کو سوال اور غلطیاں کرنے دیں، اگر کوئی غلطی نہیں کرے گا تو سیکھے گا کیسے؟

دنیا کے گرد چکر لگا کر وطن واپسی پر استقبال کرنے کے لیے انہوں نے صدر مملکت عارف علی، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور سول ایوی ایشن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسے اقدامات سے حوصلہ بڑھتا ہے۔


متعلقہ خبریں