میر صادق سنجرانی کون ہیں؟


کوئٹہ: پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کی جانب سے سینیٹ چئیرمین کے لئے نامزد کئے گئے میر صادق سنجرانی 14 اپریل 1978 کو بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی میں پیدا ہوئے۔

نومنتخب سینیٹر نے ابتدائی تعلیم نوکنڈی سے ہی حاصل کی جب کہ ایم اے بلوچستان یونیورسٹی سے کیا۔ ان کے والد خان محمد آصف سنجرانی کا شمار موثر قبائلی رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ ان دنوں وہ ضلع کونسل چاغی کے رکن ہیں۔

صادق سنجرانی اپنے پانچ بھائیوں میں سب سے بڑے ہیں۔

سینیٹ چئیرمین کے لئے نامزد کئے گئے صادق سنجرانی حلف برداری کے بعد حاضری رجسٹر پر دستخط کر رہے ہیں۔

ان کے ایک بھائی اعجاز سنجرانی نواب ثنا اللہ زہری کے دور میں محکمہ ریونیو کے مشیر رہے۔ حکومت کی تبدیلی کے باجود وزیراعلیٰ بلوچستان عبد القدوس بزنجو نے انہیں ان کے عہدے پر برقرار رکھا۔ جب کہ ان کے دوسرے بھائی محمد رازق سنجرانی ”سینڈک گولڈ منصوبے” کے منیجنگ ڈائریکٹر(ایم ڈی) رہے۔

میر صادق سنجرانی 1998 میں وزیراعظم نواز شریف کے کوآرڈ ینیٹر رہے۔ 2008  میں انہیں وزیراعظم  یوسف رضا گیلانی کی جانب سے قائم ”شکایتی مرکز” کا سربراہ بنا دیا گیا جہاں انہوں نے پانچ برس تک فرائض انجام دیئے۔

ملتی جلتی خبر: سینیٹ چئیرمین کا انتخاب، نومنتخب سینیٹرز کی حلف برداری : لائیو اپ ڈیٹس

انہوں نے 3 مارچ 2018 کو بلوچستان سے بطور آزاد امیدوار سینیٹ کا الیکشن لڑا اور سنیٹیر منتخب ہوئے۔ جس کےبعد صادق سنجرانی نے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے ہمراہ پہلی پریس کانفرنس میں ہی سینٹ چئیرمین کا عہدہ بلوچستان کو دینے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ”چئیرمین سینیٹ بلوچستان سے ہونا چاہیے۔”

یہ بھی دیکھیں: 51 نومنتخب سینیٹرز نے حلف اٹھا لیا، اسحاق ڈار غیر حاضر

پیر کو سینیٹ اجلاس میں نومنتخب اراکین کی حلف برداری کے بعد صادق سنجرانی کو چئیرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کر دیا گیا۔ ہم خیال گروپ کی حمایت کرنے والی پیپلزپارٹی نے صادق سنجرانی کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔


متعلقہ خبریں