حزب اختلاف واویلا کرنے کے بجائے حکومت کا ساتھ دے، فردوس عاشق


اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حزب اختلاف واویلا کرنے کے بجائے جمہوری رویوں میں حکومت کا ساتھ دے۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے نظام بدلنے کا وعدہ کیا تھا، قانون بدلیں گے تو لوگوں کے رویے بدلیں گے اور مؤثر قانون سازی سے دور حاضر کے تقاضوں پر عمل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف واویلا کرنے کے بجائے جمہوری رویوں میں حکومت کا ساتھ دے، آج جو 2 قانون سازیاں کی گئی ہیں اس سے عام پاکستانی کو فائدہ ہو گا اور حکومت انگریزوں کے قوانین کو بدل کر جدید تقاضوں کے مطابق آگے بڑھ رہی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان نے اسٹیٹس کو کو چیلنج کیا ہے اور یہ پارلیمنٹ عوام کو ریلیف دیتی رہے گی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اعظم سواتی نے کہا کہ عمران خان کا بنیادی مقصد انسانیت کا احساس اور سہولتیں دینا ہے جبکہ قانون سازی کے ذریعے غریب کی قانونی معاونت کے لیے مربوط نظام بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وومن پراپرٹی بل کے ذریعے خواتین کو وراثت میں حصہ ملے گا۔


متعلقہ خبریں