نابینا افراد مطالبات کے حق میں ڈٹ گئے، مال روڑ پر جاری دھرنے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم، شہری خوار


لاہور: بینائی سے محروم افراد کا اپنے مطالبات کے حق میں مال روڑ پر دھرنا چوتھے روز بھی جاری رہا جس سے صوبائی داروالحکومت کے معروف شاہراہ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

دھرنے میں شریک نابینہ افراد، جو موسم کی شدت کے باوجود راتیں کھلے آسمان تلے گزار رہے ہیں، کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک وہ واپس نہیں جائیں گے۔

بینائی سے محروم افراد نے کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی، اسکیل اپ گریڈیشن، معذور کوٹے پر نوکریوں اور دیگر مطالبات کے حق میں مال روڑ پر پچھلے چار روز سے دھرنا دیا ہوا اور سراپا احتجاج ہیں۔

شہر میں گذشتہ شب کی شدید اسموگ اور بارش بھی دھرنے میں شریک مظاہرین کے حوصلے پست نہ کر سکی۔ مظاہرین کے مطابق مذاکرات کیلئے کوئی اعلیٰ حکومتی عہدیدار ان کے پاس ابھی تک نہیں آیا ہے۔ نابینا افراد نے حکومت کو شام تک مطالبات کی منظوری کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت سے کامیاب مذاکرت کے بعد خیبر پختونخوا کے ڈاکٹرز نے احتجاج ختم کردیا

دھرنے کے باعث پنجاب اسمبلی سے کنال روڈ جانے والی سڑک مکمل طور پر بند ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوکر رہ گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم بھی ہوا تھا تاہم بینائی سے محروم افراد نے مطالبات کی منظوری تک دھرنا ختم کرنے سے صاف انکار کردیا ہے۔


متعلقہ خبریں