صادق سنجرانی چئیرمین، سلیم مانڈوی والا ڈپٹی چئیرمین سینیٹ منتخب


اسلام آباد: ایوان بالا یعنی سینیٹ میں صادق سنجرانی 57 ووٹ حاصل کر کے چئیرمین منتخب ہو گئے ہیں۔ ان کے مقابل راجہ ظفرالحق نے 46 ووٹ حاصل کئے۔

پیر کو سینیٹ اجلاس کی ابتداء میں نومنتخب 52 میں سے 51 سینیٹرز نے حلف لیا تھا۔ ن لیگ کے خودساختہ جلاوطن رہنما اسحاق ڈار نے حلف نہیں اٹھایا۔

قبل ازیں اجلاس کے لئے صدر پاکستان نے بلوچستان سے سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر کو پریزائیڈنگ آفیسر مقرر کیا تھا۔ حلف برداری کے بعد اجلاس 4 بجے تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔

سینیٹ اجلاس کے وقفے کے دوران چئیرمین اور ڈپٹی چئیرمین کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے۔ اسکروٹنی کا عمل مکمل کر کے دو بجے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوئی۔

چار بجے اجلاس دوبارہ شروع ہوا جس میں چئیرمین و ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کا انتخاب کیا گیا۔ نومنتخب چئیرمین سے پریزائڈنگ آفیسر نے حلف لیا۔

حلف اٹھانے کے بعد نومنتخب چئیرمین صادق سنجرانی نے ایوان بالا کے اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے ڈپٹی چئیرمین کا انتخاب کروایا جس کے بعد نومنتخب نائب چئیرمین سلیم مانڈوی والا سے حلف لیا۔

یہ بھی دیکھیں: پاکستان میں سینیٹ کی قیادت: ٹائم لائن

ہم نیوز اردو سروس اپنے وزیٹرز کو سینیٹ چئیرمین و ڈپٹی چئیرمین کے انتخاب اور نومنتخب سینیٹرز کی حلف برداری کے متعلق لمحہ بہ لمحہ اپ ڈیٹ کرے گا۔ تازہ ترین صورتحال جاننے کے لئے اس صفحہ کو ریفریش کریں۔


متعلقہ خبریں