متحدہ عرب امارات کا واٹس ایپ سے پابندی ہٹانے پر غور


دبئی: متحدہ عرب امارات کی حکومت پیغام رسانی کی سب سے بڑی و مقبول ایپلیکشن واٹس ایپ پر سے عائد کی گئی پابندی ہٹائے پر غور کر رہی ہے۔

گلف نیوز کے مطابق واٹس ایپ پر عائد کی گئی پابندی ہٹنے کے بعد یہ ایپلیکشن ملک میں دستیاب ہونے والی پہلی مفت وائس اوور انٹرنیٹ پروٹوکول (وی او آئی پی) سروس ہوگی۔

یو اے ای کی ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹری اتھارٹی (ٹی آر اے) کی جانب سے فی الحال ملک  میں وی اوآئی پی کی بہت سی ایپلیکیشن جن میں اسکائپ ، ٹینگو ، فیس ٹائم اور وائبر کے استعمال پر پابندی عائد ہے۔

پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور دنیا بھر کے ممالک سے روزگار کے لئے بسنے والے لوگ متحدہ عرب امارات سے صرف بوٹیم، سی می اور یزر چیٹ کو استعمال کر کے اپنے پیاروں سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

اس ضمن میں امریکی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں ڈائریکٹر نیشنل ایلیکٹرونک سیکیورٹی اتھارٹی محمد ال کویتی نے بتایا کہ حکومت اور واٹس ایپ حکام کے درمیان رابطوں میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ واٹس ایپ کے ساتھ باہمی تعاون میں اضافہ ہوا ہے  اور ہمارے ذہنوں میں موجود اس حوالے سے دیگر منصوبوں پر بھی بات ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آنے والے کچھ عرصے میں واٹس ایپ وائیس کال پر عائد کی گئی پابندی ہٹا دی جائے گی۔


متعلقہ خبریں