پاک فضائیہ سربراہ کے لئے اعلی امریکی ایوارڈ


اسلام آباد: پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان کو امریکی حکومت کی جانب سے اعلیٰ ترین ملٹری ایوارڈ لیجئین آف میرٹ دیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ کسی بھی غیر امریکی عسکری شخصیت کو اس کی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔

ایئرہیڈکوارٹر میں منعقدہ تقریب میں امریکی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل جیفری ایل ہیریجین نے سہیل امان کو ایوارڈ دیا۔ تقریب میں امریکی فضائیہ کے چیف آف اسٹاف جنرل ڈیوڈ ایل گولڈ فین نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

پاک فضائیہ کے سربراہ کو دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی جنگ میں غیر معمولی کاوشوں اور علاقائی  امن و استحکام کو یقینی بنانے کی کوششوں کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔

امریکی کمانڈر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے سربراہ کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا اور ان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کے اقدامات نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

امریکی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل جیفری ایل ہیریجین نے پاک فضائیہ کے سربراہ سے ان کے دفتر میں ملاقات بھی کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائیرچیف کو امریکی فوج کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا جانا ناصرف پاک فضائیہ بلکہ پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔

گزشتہ ماہ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان کو سعودی عرب کی جانب سے کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسی لینس ایوارڈ دیا گیا تھا۔ چند ماہ قبل ترکی کے پاک فضائیہ کے سربراہ کو ان کی خدمات کے اعتراف میں لیجئین آف میرٹ ایوارڈ سے نوازا تھا۔


متعلقہ خبریں