’نواز شریف کے بارے میں میڈیکل بورڈ کے فیصلے پر عمل درآمد ہو گا‘



اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل جاوید خان کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت ٹھیک نہیں ہے لہٰذا میڈیکل بورڈ ان کے لیے جو بھی فیصلہ کرے گا اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے مریم نواز کو بھی انسانی بنیادوں پر رہا کیا ہے، عدالتیں جو بھی فیصلہ کرتی ہیں حکومت مانتی ہے، سابق وزیراعظم کے معاملے میں بھی اس روایت کو برقرار رکھا جائے گا۔

سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ اپوزیشن اور حکومت کے درمیان کوئی ڈیل ہوئی ہے، عمران خان کرپشن اور منی لانڈرنگ کا خاتمہ کرنے آئے ہیں سو کر کے رہیں گے۔

آزادی مارچ سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مذاکرات چل رہے ہیں، انہوں نے جو رجسٹر کرانا تھا کرا لیا ہے اب انہیں قت ضائع کیے بغیر واپس چلے جانے چاہیے۔

’مولانا کو این آر او ملے گا نہ ہی استعفیٰ‘

مولانا کی جانب سے دھاندلی کے الزامات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ عمران خان وہ واحد لیڈر ہیں جو پانچوں حلقوں سے جیت کر آئے ہیں اور مولانا ناصرف ہارے ہیں بلکہ اپنے حلقے کے نتائج چیلنج کرنے کی بھی ہمت نہیں کر سکے۔

شفا یوسفزئی اور اویس منگل والا سے گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد سے منتخب سینیٹر نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ مولانا کو این آر او ملے گا نہ ہی استعفیٰ۔

گزشتہ روز سینیٹ کے اجلاس میں پیپلزپارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو سے ہونے والی جھڑپ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے مجھے کہا کہ ’بے بی بیٹھ جائیں‘ جواباً میرے یہ کہنے پر کہ ’بے بی تو بلاول ہے‘ وہ ہتھے سے اکھڑ گئے اور غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال کیا۔

فیصل جاوید نے کہا کہ مجھے امید نہیں تھی کہ مولا بخش چانڈیو جیسے سینئر سیاست دان اتنی چھوٹی سی بات پر اتنا زیادہ ردعمل دیں گے، سیاست دان اکثر سوچتے ہیں ایسا کیا کیا جائے جس سے میڈیا میں اچھی کوریج آجائے شاید انہوں نے بھی ایسا اسی لیے کیا۔

بھارت کرتارپور راہداری منصوبہ کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کررہا ہے

کرتارپور راہداری منصوبے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بابا گرونانک کی 550ویں سالگرہ کے موقع پر اس منصوبے کا افتتاح ہونا بہت خوش آئند ہے، یہ پوری دنیا کے سکھوں کے لیے بہت خوشی کی گھڑی ہے۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ اس منصوبے کی وجہ سے پوری دنیا کی سکھ کمیونٹی عمران خان اور جنرل باجوہ کو دعائیں دے رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں سکھوں کے اسکالر، نوجوت سنگھ سدھو اور اداکار سنی دیول بھی آئیں گے۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے انکشاف کیا کہ بھارت کرتارپور راہداری منصوبہ کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کررہا ہے، بھارت میں سکھوں کو تنگ کیاجارہا ہے، انہیں پاسپورٹ ایشو نہیں کیے جا رہے اور کہا جا رہا ہے کہ کرتاپور جانے کے بعد دیگر ممالک کا ویزا نہیں ملے گا۔


متعلقہ خبریں