’مولانا علی امین کے حلقے سے الیکشن لڑ لیں‘


اسلام آباد: حکومت نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین کے حلقے سے الیکشن لڑنے کی پیشکش کر دی۔

یہ پیشکش سینیٹر شبلی فراز نے سینیٹ اجلاس کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو میں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان علی امین کے حلقے سے الیکشن لڑنا چاہیں تو ہم تیار ہیں، وہ استعفی دے دیں گے۔ مولانا فضل الرحمان مقابلہ کر کے دیکھ لیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے پیدا کیے گئے بحران کو حکومت حل کرنے کے لئے کوشاں ہے، ان کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں ہے، وہ ضدی بچے کی طرح دوبارہ انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ انتخابات بار بار کرانا کوئی مذاق نہیں، مولانا فضل الرحمان اگر اپنی پسند اور نتائج کا الیکشن چاہتے ہیں تو یہ بڑا مشکل ہے۔

خیال رہے کہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں آزادی مارچ 31 اکتوبر کو وفاقی دارالحکومت پہنچا جس کے بعد سے اس کے شرکا نے اسلام آباد میں دھرنا دیا ہوا ہے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم استعفیٰ دیں اور ملک میں عام انتخابات کا انعقاد کیا جائے۔ حکومت ان دونوں مطالبات کو مسترد کرچکی ہے۔

گزشتہ روز معروف صحافی عارف حمید نے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کا مارچ استعفے کے لیے تھا ہی نہیں بلکہ نیب کی کارروائیاں اور احتساب کا عمل روکنے کے لیے تھا۔

عارف حمید نے کہا ہے کہ چوہدری برادران کے ساتھ مولانا فضل الرحمان کی ملاقات سود مند رہی ہے اور امید ہے کہ آزادی مارچ چند دنوں میں ختم ہو جائے گا۔

نجی ٹی وی شو میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ ختم کرنے کے حوالے سے معاملات کافی حد  تک طے ہوگئے ہیں تاہم حتمی فیصلہ وزیراعظم ہی کریں گے کہ مولانا کو کیا دینا ہے۔


متعلقہ خبریں