ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی شرح میں 24 فیصد اضافہ


کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا کہنا ہے کہ ٹیکس گوشوارے جمع ہونے کی شرح میں 24 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

ایف بی آر کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے نو لاکھ 98 ہزار کے مقابلے میں رواں مالی سال 12 لاکھ 38 ہزار ٹیکس گوشوارے جمع کروائے گئے ہیں۔

رپورٹ میں ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد میں 2 لاکھ 40 ہزار یعنی 24 فیصد اضافے کی نشاندہی کی گئی ہے۔

2014 میں نو لاکھ 35 ہزار، 2015 میں 11 لاکھ تین ہزار اور2016 میں 12 لاکھ 60 ہزار ٹیکس گوشوارے جمع ہوئے۔

پاکستان میں ٹیکس نظام کو معاشی ماہرین کی جانب سے دوہرے ٹیکسوں اور پیچیدہ فائلنگ کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ان اسباب کو ٹیکس وصولی میں کمی کی بنیادی وجہ بھی مانا جاتا ہے۔

انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹیکس خرابیوں کی وجہ سے پاکستانی معشیت کو سالانہ 33 کھرب روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

پاکستان میں آمدن و محصولات سے متعلق ادارے ایف بی آر نے قابل ٹیکس آمدنی کی مختلف سطحیں مقرر کر رکھی ہیں۔ جن پر پورا اترنے والوں کے لئے لازم ہے کہ وہ اپنی قابل ٹیکس آمدن کے حسابات یا گوشوارے سالانہ بنیادوں پر جمع کرائیں۔

پاکستان میں فعال پبلک وپرائیوٹ اداروں کے لیے بھی ضروری ہے کہ وہ مستند چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ سے اپنے اکاؤنٹس آڈٹ کروائیں۔ یہ آڈٹ شدہ حسابات ہر مالی سال کے اختتام پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں جمع کروائے جاتے ہیں۔


متعلقہ خبریں