حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 142 واں یوم پیدائش

حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 142 واں یوم پیدائش

فائل فوٹو


اسلام آباد: شاعر مشرق اور حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 142 واں یوم پیدائش آج ملی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے۔

علامہ محمد اقبال 9 نومبر کو 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے اور آبائی شہر سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد لاہور چلے گئے۔

شاعر مشرق نے لاہور سے ایم اے کی ڈگری حاصل کی اور جرمنی سے فلسفہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ڈاکٹر محمد اقبال نے 1910 میں وطن واپسی کے بعد وکالت شروع کی۔

1930 میں آپ نے الہٰ آباد کے مقام پر آل انڈیا مسلم لیگ کے صدر کی حیثیت سے تاریخ خطبہ دیا جس میں مسلمانوں کیلئے علیحدہ مملکت کا مطالبہ پیش کیا جس کا نتیجہ بالآخر قیام پاکستان کی صورت میں برآمد ہوا۔

علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کے موقع پر چاروں صوبوں اور وفاقی دارالحکومت میں تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے اور خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔

مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی

مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں مہمان خصوصی اسٹیشن کموڈور نعمت اللہ خان شریک ہوئے۔

پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے   مزار اقبال پر گارڈ کے فرائض سنبھالے اور مہمان خصوصی نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ محمد اقبال ؒکی شخصیت نے ایسے وقت میں مسلمانان بر صغیر کو ایک آزاد اور خودمختار اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کا راستہ دکھایا جب وہ غلامی کے اندھیروں اور ہندو اکثریت کے ظلم و نا انصافی کا شکار ہو کر منزل کا سراغ کھو بیٹھے تھے۔

عمران خان نے کہا کہ علامہ محمد اقبال ؒ کے افکار عالمگیر حیثیت کے حامل ہیں۔ امت مسلمہ کو درپیش مختلف مسائل کی نشاندہی کرنے اور ان مسائل کا حل آپ کے شہرہ آفاق شعری مجموعوں اور کلام میں پنہاں ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج ہمیں بحیثیت قوم اور امت مسلمہ مختلف نوعیت کے چیلنجز درپیش ہیں۔ یہ شاعر مشرق کی دور اندیشی تھی جب انہوں نے ایسے انفرادی اور اجتماعی مسائل کی نشاندہی کی جن کا ہمیں موجودہ دور میں سامنا ہے۔

آپ نے دور جدید کے تقاضوں کو اجاگر کیا، جمہوری اقدار اور ترقی کے رہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے فرد اور ملت کو معاشرے اور ریاست میں ہم آہنگی کے ذریعے موثر کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے یوم اقبال پر اپنے پیغام میں کہا کہ اقبالؒ نے اپنی شاعری اور افکار کے ذریعے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبالؒ نے علاقائی حدود و قیود سے ماورا ہو کر انسانیت کو اپنے پیغام کا مخاطب بنایا۔ شاعر مشرق کا پیغام آج بھی ہماری رہنمائی کی راہ متعین کرتا ہے۔


متعلقہ خبریں