بھارت کو مسلمانوں کے جذبات مجروح نہیں کرنے چاہیئیں، یاسمین راشد

فوٹو: فائل


لاہور: پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ جس طرح ہم سکھوں کی عبادت گاہوں کا احترام کرتے ہیں اسی طرح بھارت کو بھی مسلمانوں کے جذبات مجروح نہیں کرنے چاہئیں۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے میؤ اسپتال میں نئے مہمان خانے کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر یاسمین راشد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہمان خانہ مریضوں کے لواحقین کی رہائش کی بڑی سہولت ہے اور ہم تمام مخیر حضرات کے تعاون کے بہت مشکور ہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ہمارے ڈاکٹرز نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا بہت خیال رکھا، ڈسچارج کے وقت اُن کے پلیٹ لٹس کی تعداد 26 ہزار تھی اور اب نواز شریف کا نام (ایگزٹ کنٹرول لسٹ) ای سی ایل سے نکالنے کا حتمی فیصلہ وزارت داخلہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کرتار پور راہداری کھولنا وزیر اعظم عمران خان کا تاریخی اقدام ہے۔ جس طرح ہم سکھوں کی عبادت گاہوں کا احترام کرتے ہیں اسی طرح بھارت کو بھی مسلمانوں کے جذبات مجروح نہیں کرنے چاہئیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے ہدایت کی کہ اسپتال کے باقی منصوبوں کی تعمیر ماسٹر پلان کے مطابق ہونی چاہیے۔ ہڑتال کے باوجود مریضوں کو سہولیات دینے پر انتظامیہ کو شاباش دیتی ہوں۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ مہمان خانے پر 2 کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد کی رقم خرچ ہوئی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق خدمت خلق کا کام کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں آصف زرداری کے لوگ اگلے ہفتے سے پیسے دیں گے، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ مہمان خانے میں 350 سے زائد افراد کے لیے بیک وقت رہائش کی سہولت دستیاب ہے اور مہمان خانے کے سامنے بہترین پارک میں تازہ آب وہوا کے لیے  خوبصورت پودے لگائے گئے ہیں۔

اس موقع پر جسٹس (ر) ناصرہ جاوید سمیت متعدد سینئر پروفیسرز نے بھی خطاب کیا۔


متعلقہ خبریں