عمران خان وہ سکندر ہیں جو لوگوں کے دلوں میں راج کرتے ہیں،نوجوت سنگھ سدھو


کرتارپور: سابق کرکٹر اور بھارتی سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو نے کہا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان وہ سکندر ہیں جو لوگوں کے دلوں میں راج کرتے ہیں۔

کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب سے اپنے شاعرانہ اور جذباتی انداز خطاب میں انہوں نے کہا کہ دنیا میں کچھ لوگ عمران خان جیسے ہوتے ہیں جو تاریخ بنایا کرتے ہیں۔

نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ سکھ قوم نے عمران خان کو وہاں لے جانا ہے جہاں کسی کی سوچ بھی نہیں جاسکتی۔ سکھ قوم دیکھنے میں ایک فیصد ہے لیکن ان کا رعب دبدبہ بہت زیادہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے  بھارتی پنجاب کے سابق وزیر سدھو نے کہا تیری محبت، تیرے پیار کے بدلے میں شکرانہ لے کے یہاں آیاہوں۔ عمران خان تیری خاطر دل نذرانہ لے کر آیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ تقسیم ہند کے بعد پہلی مرتبہ روکاوٹ ہٹائی گئی ہے۔ نوجوت سنگھ سدھو نے پنجابی میں شعر کہتے ہوئے کہا کہ میں نے عمران خان کو جپھی ڈالی تھی اور ان سے کہا تھا کہ اس کا جواب دینا ہے۔ جپھی جپھی پا کے یارو سب مسئلے سلجھائیے۔

یہ بھی پڑھیں: کرتارپور راہداری : نریندر مودی کا عمران خان کا شکریہ

انہوں نے کہا سکھ قوم کی آوازبن کر بات کررہا ہوں۔ سکھوں کی 4 پشتیں اپنے باپ سے ملنے کےلیے ترستی رہیں۔ اب سکھ دنیا میں عمران خان کے ترجمان بن کر جائیں گے۔ اس سے بڑی مرہم تاریخ میں کبھی نہیں رکھی گئی۔

نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ 72 سال میں سکھوں کی آواز کسی نے نہیں سنی تھی۔ ہروزیراعظم اپنا نفع نقصان دیکھتا رہا لیکن عمران خان نے سکھوں کی خواہش کو پورا کیا۔ آج عمران خان کو جپھی رنگ لے آئی ہے۔

سابق بھارتی کرکٹر اور بھارتی  ٹیلی ویژن کی مقبول شخصیت سدھو نے کہا کہ بڑے بڑے قائدین دیکھے جن کا دل چڑی جتنا ہے، لیکن وزیراعظم عمران خان کا دل سمندر جتنا بڑا ہے۔ عمران خان نے جتنی خوشی دی وہ سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔ میں دعا سے مضبوط کچھ نہیں سمجھتا۔

انہوں نے پنجابی میں شعر سناتے ہوئے کہاجڑا یار نہ دیکھے عیباں نوں، او پیار مبارک ہوندااے۔


متعلقہ خبریں