’چند ماہ میں آصف زرداری کے کیسز انجام کو پہنچ جائیں گے’


اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ سے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو فائدہ ہوا ہے۔

ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ تین چارماہ میں پلی بارگین کی صورت میں سابق صدر و شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کے کیسز بھی اپنے انجام کو پہنچ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کسی بھی قسم کا دباؤ نہیں لیں گے، 15 نومبر کے بعد مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے بیانیے میں تبدیلی نظر آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اصل کیسز خورشید شاہ اور شہباز شریف کے دونوں بیٹوں کے ہیں جن پر بہت سنجیدہ نوعیت کے الزام ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد شہباز شریف اس وقت وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے اجلاس کے دوران بتایا تھا کہ انسانیت کی بنیادوں پر نواز شریف کو علاج کے لئے باہر جانے کی اجازت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تک حکومت کا یہ ہی فیصلہ ہے کہ مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو اصل نقصان مریم نواز نے پہنچایا ہے۔


متعلقہ خبریں